اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلع کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد آج ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال جاری ہے۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس آج مکمل طور پر بند رہے گا۔ بار کی جانب سے وکلاء، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں نے وکلاء کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ بار نے خودکش حملے کے تناظر میں 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک واقعے پر 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔
راولپنڈی، لاہور، پنجاب کے دیگر شہر، پشاور اور بلوچستان میں بھی وکلاء نے ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ہڑتال کے دوران وکلاء صرف ایمرجنسی کیسز میں پیش ہوں گے، باقی مقدمات اگلی سماعت تک ملتوی کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب بار کونسل نے جاری بیان میں کہا کہ یہ ہڑتال وکلا برادری کے اتحاد، عدلیہ کے احترام اور دہشت گردی کے خلاف عزم کے اظہار کے لیے ہے۔ بلوچستان بار کونسل نے بھی اسلام آباد دھماکے کے خلاف عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں سیاہ جھنڈے لہرا دیے گئے۔
دریں اثناء وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں اور ہائی کورٹ اور اطراف میں ہائی الرٹ جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos