کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) پشاور کی ہدایت اور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز ڈی آئی خان-II کی طرف سے ملنے والی مصدقہ اطلاع پر انسدادِ اسمگلنگ کی ایک بڑی کارروائی میں جے سی پی، امان میلہ پر ایک مسافر بس سے غیر ملکی ساختہ منشیات کی بڑی کھیپ برآمد کر لی۔
تفصیلی تلاشی کے دوران مشتبہ ڈائیو بس رجسٹریشن نمبر CAT-4488) سے خاص طور پر تیار کردہ تین انورٹرز کے اندر چھپائی گئی غیر ملکی منشیات آئس (Crystal Methamphetamine) برآمد ہوئی ۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
برآمد شدہ منشیات میں بیرون ملک ساختہ منشیات کے 15 پیکٹس شامل تھے جو آئس (Crystal Methamphetamine)سے مشابہ تھے، جن کا مجموعی وزن 15,350 گرام اور نمونہ لینے کے بعد خالص وزن 15,200 گرام نکلا۔ برآمدہ منشیات کی مالیت کا تخمینہ اکانوے کروڑ روپے جبکہ ضبط شدہ بس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ یوں کیس کی کل مالیت کا تخمینہ ساڑھے بانوے کروڑ روپے ہے۔
برآمد شدہ منشیات کو جے سی پی امان میلہ سے سرکاری گودام منتقل کیا جا رہا تھا کہ کسٹمز عملے پر نامعلوم شرپسندوں/دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور کسٹمز عملہ پر براہِ راست اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ حملے کا مقصد بظاہر ضبط شدہ منشیات کی بھاری مالیت کے پیشِ نظر کسٹمز اہلکاروں کو نقصان پہنچانا تھا۔ تاہم کسٹمز ٹیم کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث تمام اہلکار اور قبضے میں لی گئی منشیات محفوظ رہیں۔
اس دوران پاک فوج اور پولیس کے جوان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور کسٹمز عملے کو فوری مدد و سیکیورٹی فراہم کی۔ انہوں نے کسٹمز ٹیم اور برآمد شدہ منشیات کے سامان کو بغیر کسی جانی یا مالی نقصان کے بحفاظت سرکاری گودام ڈی آئی خان تک پہنچانے میں مدد کی۔
یہ کامیاب کارروائی ایف بی آر کے اسمگلنگ اور منشیات کی تجارت کے خلاف پرعزم ہونے کی آئینہ دار ہے۔
***
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos