پمز اسپتال اسلام آباد میں روبوٹک سرجری کی جا رہی ہے

پمز اسلام آباد میں پہلی روبوٹک سرجری- ڈاکٹر نے دور بیٹھے کیسے آپریٹ کیا

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ملک کی تاریخ کی پہلی روبوٹک سرجری کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔ یہ آپریشن کیسے ہوا اس کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جس میں ڈاکٹر کو روبوٹ کے ذریعے سرجری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

جدید “ٹو مائی” سرجیکل روبوٹ کی مدد سے ایک خاتون مریضہ کا آپریشن کیا گیا، جو مقامی ماہرین کے ساتھ ساتھ برطانیہ سے آئے بین الاقوامی سرجنز کی نگرانی میں انجام پایا۔

اس موقع پر پمز کے پروفیسر شمیم خان، پروفیسر متین شریف، اور ڈاکٹر جاوید برکی نے رہنمائی فراہم کی، جبکہ سرجری ٹیم میں ڈاکٹر عاطف انعام شامی، ڈاکٹر برہان الحق، اور ڈاکٹر خالد سعید شامل تھے۔

ڈائریکٹر روبوٹک سرجری پروفیسر متین شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے پیچیدہ آپریشن اب زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم تکلیف دہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک سرجری سے مریض تیزی سے صحت یاب ہوتے ہیں، اور پمز میں اس کامیاب تجربے کے بعد اس ٹیکنالوجی کو پورے پاکستان میں متعارف کرانے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

 

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندر نے کہا کہ حکومت اس جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کئی آپریشن تکنیکی طور پر انتہائی مشکل ہوتے ہیں، جن میں روبوٹ کی مدد سے درستگی اور کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

جنرل سرجری اور یورولوجی کے ماہر ڈاکٹروں نے بھی اس اہم کامیابی میں حصہ لیا۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں پمز میں مزید روبوٹک آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو عالمی معیار کا علاج فراہم کیا جا سکے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔