اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساوتھ، میجر جنرل مہر عمر خان نے خوش آمدید کہا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے خوارجیوں کے حملے کو ناکام بنانے اور تمام کیڈٹس و اساتذہ کو محفوظ طور پر ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے بہادر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے طلبا اور اساتذہ کے حوصلے اور جذبے کی تعریف بھی کی اور انہیں کامیاب ریسکیو آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے مقامی شہری حملوں اور دھماکوں میں ملوث نہیں ہیں، ناراضگی ہوسکتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ملک کے خلاف اسلحہ اٹھایا جائے یا تحریک چلائی جائے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح پیغام دیا کہ دہشتگردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے خوارجی دہشت گردوں کو انسانیت دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کسی مذہب سے تعلق نہیں، اور بچوں کو نشانہ بنانا کسی بھی مذہب کی اجازت میں شامل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کا مقصد سانحہ اے پی ایس جیسی تباہی پھیلانا تھا، لیکن دلیر افسران اور جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے منصوبہ ناکام بنا دیا۔
وزیر داخلہ نے کیڈٹ کالج وانا کی بہتر تزئین و آرائش کے لیے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا، اور ریسکیو کرنے والے پاک فوج و ایف سی کے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں جن پر پاکستان کو فخر ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos