اسلام آباد: جسٹس کریم خان آغا نے وفاقی آئینی عدالت کے جج کے طور پر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ان سے حلف لیا۔
جمعے کو منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے دیگر ججز جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس علی باقر نجفی نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر، دیگر ججز، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، وکلاء اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔
وفاقی وزارتِ قانون و انصاف نے چھ ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس کریم خان، جسٹس روزی خان، جسٹس علی باقر اور جسٹس ارشد حسین اب وفاقی آئینی عدالت کے رکن ہوں گے۔
جمعے کو ہونے والی تقریب میں تین ججز نے حلف اٹھایا، جبکہ جسٹس محسن اختر، جسٹس طارق محمود، جسٹس اعجاز اسحاق، جسٹس ثمن رفعت امتیاز اور جسٹس بابر ستار اس موقع پر موجود نہیں تھے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے صحت کے مسائل کے باعث وفاقی آئینی عدالت کا حصہ بننے سے معذرت کی۔
وفاقی آئینی عدالت کا صدر دفتر اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم ہوگا، جہاں چیف جسٹس امین الدین خان روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے، اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر روم نمبر دو میں منتقل ہوں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی صبح صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان سے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر عہدے کا حلف لیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos