راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 46ویں اوور میں پویلین واپس لوٹ گئی۔ سدیرا سماراوکرما 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوشال مینڈس نے 34 اور پاون رتھنا یاکا نے 31 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وکٹ کو دیکھتے ہوئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم اچھی فارم میں ہے اور گزشتہ دونوں سیریز میں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos