لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس چودھری محمد اقبال نے سماعت سے معذرت کر لی۔ جج نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس عالیہ نیلم کو بھیج دی۔
درخواست گزار منیر احمد اور دیگر کی جانب سے وکیل محمد اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوں گے۔ درخواست میں وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کو سیکرٹریز کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت قائم کی گئی ہے، جس سے سپریم کورٹ کی حیثیت کمزور ہوئی اور عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا۔
مزید بتایا گیا کہ ترمیم اسلامی دفعات، عدالتی خودمختاری اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے، اور صوبوں کی مشاورت کے بغیر یہ ترمیم کی گئی جس سے آئینی ڈھانچہ متاثر ہوا۔ وکلا، سول سوسائٹی، صحافیوں اور دیگر شعبوں سے رائے نہیں لی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ستائیسویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے اور درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک اس ترمیم پر عمل درآمد روک دے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos