عمران خان کی تینوں بہنیں اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں کو اڈیالہ جیل کے باہر سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے بھائی سے ملاقات نہ ہونے کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں۔ پولیس کی ٹیم نے علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان کو جیل کے مرکزی دروازے کے قریب سے گرفتار کیا اور بعد ازاں انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں بہنیں صبح سے جیل کے باہر موجود تھیں اور انتظامیہ سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ کر رہی تھیں، تاہم جیل حکام نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیل کی حدود میں احتجاج اور ہجوم اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسی لیے تینوں خواتین کو حفاظتی اقدام کے طور پر ہٹایا گیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی فیملی کو ہراساں کرنا حکومتی انتقام کی ایک اور مثال ہے اور اس پر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ جیل ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے لیے نئی تاریخ اور طریقہ کار بعد میں جاری کیا جائے گا جبکہ صورتحال کو قابو کرنے کے لیے جیل کے اطراف سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔