دنیا بھر کی متعدد اہم ویب سائٹس منگل کے روز اچانک بند ہو گئیں، جب کلاؤڈ فلیئر کے سسٹم میں آنے والی بڑی خرابے نے انٹرنیٹ کا ایک بڑا حصہ مفلوج کردیا۔ بعدازاں کمپنی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایک سنگین تکنیکی غلطی نے یہ بحران پیدا کیا۔
اس تکنیکی کہانی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
کلاؤڈ فلیئر کے شریک بانی اور سی ای او میتھیو پرنس نے رات گئے ایک تفصیلی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ خرابی کا مرکزی تعلق کمپنی کے بوٹ مینجمنٹ سسٹم سے تھا — وہی نظام جو یہ طے کرتا ہے کہ کون سے خودکار ’’کرالر‘‘ ویب سائٹس کو اسکین کرنے کی اجازت رکھتے ہیں۔
کلاؤڈ فلیئر، جس کے ذریعے دنیا کے 20 فیصد سے زائد انٹرنیٹ ٹریفک گزرتا ہے، اس نظام کو ٹریفک کے غیر معمولی بڑھاؤ، اسپیم اور ڈی ڈی او ایس حملوں سے بچانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ مگر اسی حفاظتی میکانزم نے اس بار بڑی بندش کو جنم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ کلاؤڈفلیئر میں تکنینکی خرابی سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر
—
خرابی کیسے پھیلی؟
کمپنی کے مطابق مسئلہ اُس وقت پیدا ہوا جب بوٹ مینجمنٹ سسٹم کے پسِ منظر میں کام کرنے والے ڈیٹابیس میں ’’اجازت‘‘ (Permissions) سے متعلق ایک تبدیلی نے پورے نظام کو بگاڑ دیا۔ یہ مسئلہ نہ تو کلاؤڈ فلیئر کے نئے اے آئی سیفگارڈ سسٹمز سے جڑا تھا اور نہ ہی کسی ڈی این ایس یا سائبر حملے سے متعلق تھا۔
خرابی کی جڑ ایک مشین لرننگ ماڈل نکلا جو آنے والی ٹریفک کو ’’بوٹ اسکور‘‘ دیتا ہے۔ مشین لرننگ مصنوعی ذہانت کی ابتدائی شکل ہے۔ یہ ماڈل ایک کنفیگریشن فائل پر انحصار کرتا ہے، لیکن حالیہ تبدیلی کے بعد ClickHouse کوئریز بڑی تعداد میں ڈپلیکیٹ ’’فیچر رووز‘‘ پیدا کرنے لگیں۔ اس سے کنفیگریشن فائل حد سے زیادہ بڑی ہوگئی اور میموری لیمٹس سے تجاوز کرگئی۔
نتیجتاً کلاؤڈ فلیئر کا کور پراکسی سسٹم بیٹھ گیا — وہی نظام جس پر لاکھوں ویب سائٹس اپنی ٹریفک اور بوٹ فلٹرنگ کے لیے انحصار کرتی ہیں۔
اصل صارف بلاک، جعلی ٹریفک گزر گئی
اس خرابی نے ایک عجیب صورتحال پیدا کردی۔
بوٹ فلٹرنگ استعمال کرنے والی ویب سائٹس نے حقیقی صارفین کو بوٹس کی طرح بلاک کرنا شروع کر دیا، جب کہ کچھ ’’غیر متعلقہ‘‘ ٹریفک جو بوٹ اسکور پر منحصر نہیں تھی، نارمل چلتی رہی۔
اسی وجہ سے ChatGPT، X، Downdetector اور بے شمار دیگر سائٹس گھنٹوں ناقابلِ رسائی رہیں۔
پس منظر: اے آئی کرالرز کے خلاف نیا نظام
کلاؤڈ فلیئر حالیہ مہینوں میں ایسے خودکار ’’اے آئی کرالرز‘‘ کے خلاف سخت اقدامات کر رہا ہے جو ویب مواد چوری کرکے زبان ماڈلز کی تربیت میں استعمال کرتے ہیں۔ کمپنی کا نیا AI Labyrinth نظام غلط کام کرنے والے کرالرز کو مصروف رکھنے کے لیے جنریٹیو اے آئی کا استعمال کرتا ہے۔
اگرچہ یہ ٹیکنالوجی اس بندش میں شامل نہیں تھی، لیکن اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ انٹرنیٹ کا بہت بڑا حصہ چند مرکزی انفراسٹرکچر کمپنیوں پر منحصر ہے — جیسا کہ حالیہ Microsoft Azure اور Amazon Web Services کی بندشوں میں بھی دیکھا گیا۔
آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ
کلاؤڈ فلیئر نے اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر چار اہم حفاظتی اقدامات نافذ کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے بحران سے بچا جا سکے۔ اگرچہ کمپنی نے ان اقدامات کی پوری تفصیل جاری نہیں کی، لیکن اس نے اعتراف کیا کہ باہمی جڑے ہوئے انٹرنیٹ سسٹمز میں کچھ حد تک خطرات ہمیشہ موجود رہیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos