کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو کنٹونمنٹ علاقوں سے ایم یو سی ٹی وصولی سے روک دیا۔
ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کے رہائشیوں سے کے ایم سی کی جانب سے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ پہلے ہی کنزرونسی ٹیکس وصول کررہا ہے۔
کے ایم سی کی جانب نے بجلی کے بل میں میونسپل چارجز بھی شامل کردیے ہیں۔ بیک وقت دو ادارے میونسپل ٹیکس وصول کررہے ہیں۔ کنٹونمنٹ علاقوں سے کے ایم سی میونسپل ٹیکس وصول نہیں کرسکتا۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے ایم سی کے مقابلے میں زائد ٹیکس وصول کررہا ہے۔ کے ایم سی اور کے الیکٹرک کو کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی سے روکا جائے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کو کے ایم سی کے مساوی ٹیکس کی کٹوتی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی کو تمام کنٹونمنٹ بورڈ سے میونسپل ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کنٹونمنٹ علاقوں سے میونسپل ٹیکس کی وصولی کنٹونمنٹ بورڈز کا اختیار قرار دیدیا۔عدالت نے کے الیکٹرک کو کنٹونمنٹ علاقوں سے بجلی کے بل کے ذریعے ایم یو سی ٹی وصولی روکنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کنٹونمنٹ بورڈز کے رہائشیوں سے ایم یو سی ٹی چارجرز نہ وصول نہ کرے۔ آئینی بینچ نے درخواست نمٹادی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos