سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے پر تیار ہے، تاہم اس کے لیے فلسطینی تنازعے کا ایک واضح دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔
سرکاری دورے پرامریکہ میں موجودسعودی عرب کےولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اسرائیل، فلسطین اور پورے خطے میں امن چاہتا ہے اور فلسطینی مسئلے کے لیے ایک واضح منصوبہ تشکیل دینے کا خواہاں ہے جو دو ریاستی حل تک پہنچنے کے لیے حقیقی راستہ فراہم کرے۔
برطانوی میڈیاکے مطابق دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے پر بات چیت کی،اس دوران محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا موقف دہرایا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے واضح اور قابل ضمانت راستہ ہی اس کی شرط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات نہایت اہم ہیں اور سعودی عرب ابراہیم معاہدوں میں شامل ہونا چاہتا ہے تاہم اس کی شرط یہ ہے کہ دو ریاستی حل کے لیے ایک حقیقی اور قابل عمل راستہ موجود ہو۔ اس بارے میںصدر ٹرمپ سے بہت تفصیلی اور مثبت گفتگو ہوئی اور میرا خیال ہے کہ ہم اس سمت میں پیش رفت کی تیاری کرسکتے ہیں۔
امریکہ نے 2018 کے بعد پہلی بار سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کیا جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں اپنا دوست کہا۔ محمد بن سلمان نے امریکہ میں مجموعی طور پر 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا۔ پہلے 600 ارب (چھ کھرب) ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا تھا۔
ایک صحافی نے ٹرمپ اور ولی عہد سے پوچھا کہ کیا وہ امریکہ،سعودی دفاعی معاہدے پر سمجھوتہ کر چکے ہیں اور کیا انھوں نے ’ابراہیمی معاہدے‘ کے بارے میں بات کی ہے۔ولی عہد کا کہنا تھا کہ ہم معاہدے کا حصہ بننا چاہتے ہیں اوردو ریاستی حل کی جانب واضح راستہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میںصدر کے ساتھ ایک سود مند بات چیت ہوئی ہے کہ ہمیں اس پر کام کرنا ہے، تاکہ ہم یہ یقینی بنا سکیں کہ ہم جلد از جلد اس مقصد کے لیے سازگار ماحول تیار کر سکیں۔
اس موقع پرامریکی صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس بارے میں بہت اچھی بات چیت کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایک ریاست، دو ریاستوں،بہت سی چیزوں پر بات ہوئی۔
2020 کا ابراہیمی معاہدہ، مریکہ کی ثالثی میں شروع کیا گیا تھا، اس میں متحدہ عرب امارات سمیت کچھ عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos