فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندرر دھماکے کے باعث 20افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے کی شدت سے اطراف کے گھروں کی چھتیں بھی زمین بوس ہو گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں فیکٹری کے ساتھ واقع ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے، دو خواتین، دو بزرگ اور فیکٹری ملازم شامل ہیں۔ایک زخمی کو ملبے سے نکالا گیا جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
فیصل آباد کے کمشنر راجا جہانگیر نے پندرہ افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 7 افراد زخمی ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ شروع کیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید افراد بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
دھماکہ گنجان آباد علاقے میں ہوا اور فیکٹری آبادی کے اندر قائم تھی۔ابتدائی طور پر اسے بوائلر دھماکہ کہا گیا تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکہ گیس سے ہوا۔
کمشنر فیصل آباد کے مطابق دھماکہ گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا، چار فیکٹریاں ایک ہی پائپ لائن سے جوڑی گئی تھیں جس کی وجہ سے دھماکہ ہوا اور اس فیکٹری میں کیمکل کے ذخیرے کو آگ لگ گئی۔
دھماکے سے فیکٹری کے اردگرد کے مکانات گر گئے اور زیادہ اموات انہی گھروں میں ہوئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos