کراچی کے علاقے سپر ہائی وے چانڈیو گوٹھ کے قریب سچل پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جو خواتین کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم عظمت کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم اشوک کو تھانے پہنچا دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے پستول، موٹر سائیکل، موبائل فون، خواتین کے پرس اور دیگر چھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے اور شاپنگ مالز، ریسٹورانٹس اور شادی ہالز کے باہر زیادہ تر خواتین کو نشانہ بناتے تھے۔ واقعے کے وقت بھی ملزمان ایک خاتون سے پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔
سچل پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
مزید چار ڈاکو دیگر مقابلوں میں پکڑے گئے۔ لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ دھوبی گھاٹ کے قریب پولیس مقابلے میں دو ڈاکو 47 سالہ کامران ولد غلام صمدانی اور 35 سالہ عابد ولد خان محمد زخمی ہوئے، جنہیں چھیپا رضاکاروں نے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا۔
اسی طرح گارڈن پولیس نے لیاری مرزا آدم خان روڈ جھنڈا چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران مزید دو زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکووں کی شناخت عابد عرف ٹڈی دل اور کامران عرف کامی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے نائن ایم ایم پستول، ٹی ٹی پستول، موبائل فون، نقدی اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos