ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کا وقت مکمل ہو گیا ہے اور کل ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق رات 12 بجے انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے اور اس کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کر دیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کل ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے 23 نومبر کو ہونے والی پولنگ کے سلسلے میں سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کی تعیناتی کا حکم جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی دن سول آرمڈ فورسز دوسرے درجے پر کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر موجود ہوں گی جبکہ پاک فوج تیسرے درجے پر بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات رہے گی۔
قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں کل ووٹنگ ہوگی۔
پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 98 بھکر، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفرگڑھ میں بھی ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز اور مقامی پولیس کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور انتخابی ڈیوٹی پر موجود عسکری و سول افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے جبکہ ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کل پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos