ای چالان جرمانوں میں کمی نہیں،شہری ذمہ داری کے پابند ہوںگے،ناصر حسین

 

کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ای چالان کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای چالان صرف کراچی کے شہریوں کے لیے ہے اور جرمانے کسی صورت کم نہیں کیے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ شہر قائد کو بہتر بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیر بلدیات نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں ڈویژنل بورڈ کو فعال کیا جا رہا ہے اور کراچی میں ہر جگہ سالڈ ویسٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ گھروں سے ویسٹ کلیکشن کا نظام شروع کرنا بھی ضروری ہے۔

ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نئے صوبے کا شوشہ چھوڑ کر خود کو زندہ رکھنا چاہتی ہے اور بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کا بالکل خاتمہ کر دیا تھا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہر میں بلدیات کو بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر سندھ میں ای چالان کے جرمانوں کی رقم میں کمی یا برقرار رکھنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔