پشاور: شہر کے علاقے صدر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے ہیڈکوارٹرز پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ صبح 8:10 بجے حملہ کیا گیا، جس کے بعد سنہری مسجد روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کو صدر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا کہ دو خودکش دھماکے ہوئے، ایک مین گیٹ پر اور دوسرا موٹر سائیکل اسٹینڈ کے اندر۔ دو حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارے جا چکے ہیں، جبکہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ پر خود کو اڑایا اور دو اندر داخل ہوئے۔ FC اہلکاروں نے بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور تینوں حملہ آور ہلاک ہوئے۔
ڈپٹی کمانڈنٹ FC جاوید اقبال نے بتایا کہ خودکش حملے میں 3 FC اہلکار شہید ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں مسلسل سنائی دے رہی ہیں، دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پشاور کے داخلی و خارجی راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق فوری کارروائی کے لیے ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ رہے ہیں تاکہ زخمیوں اور موجود افراد کی مدد کی جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos