اسلام آباد: ججز ٹرانسفر کیس، آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست خارج کر دی
اسلام آباد میں وفاقی آئینی عدالت نے ججز ٹرانسفر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست مسترد کر دی ہے، جس میں انہوں نے اپنی انٹرا کورٹ اپیل کو سپریم کورٹ واپس بھیجنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست گزاروں میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل تھے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ ان کی اپیل کو آئینی عدالت کے بجائے سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں سنا جانا چاہیے۔
وفاقی آئینی عدالت نے درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی اور واضح کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔ یوں سپریم کورٹ کا سابق فیصلہ برقرار رہا۔
یاد رہے کہ یہ کیس دیگر ہائی کورٹس کے تین ججز کے اسلام آباد تبادلے سے متعلق تھا۔ جون میں سپریم کورٹ نے آرٹیکل 200 کے تحت ججز کا تبادلہ درست قرار دیا تھا، جس کے خلاف ان ججز نے اپیل دائر کی تھی۔
آئینی عدالت نے اس کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ بار، کراچی بار ایسوسی ایشن، طاہر فراز عباسی، ریاست علی آزاد، شعیب شاہین اور بانی تحریک انصاف کی دیگر انٹرا کورٹ اپیلیں بھی عدم پیروی کی بنیاد پر نمٹا دیں۔
عدالت نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات یا ہدایات لینے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اس نوعیت کے احکامات جاری نہیں کیے جا سکتے، اور ملاقات کے لیے متعلقہ فورم سے ہی رجوع کیا جائے جہاں سزا ہوئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos