طلال چوہدری کے بھائی بلال کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا

الیکشن کمیشن نے این اے 96 فیصل آباد میں لیگی امیدوار بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر روک دیا، چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ معاملہ نااہلی کا نہیں بلکہ عارضی پابندی کا ہے۔

الیکشن کمیشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، چار رکنی بینچ کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کی۔ کمیشن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ طلال چوہدری ایسے جلسے میں شریک ہوئے جو کامیاب امیدوار کا تھا، جبکہ وزراء کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں۔

سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ آج ہی نوٹس ملا ہے، پہلے وکالت نامہ جمع کرنے کی اجازت دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے طلال چوہدری کو آج پیشی سے استثنیٰ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “فی الحال نااہل نہیں کر رہے مگر آئندہ پیشی تک کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا۔”

الیکشن کمیشن میں ڈیرہ غازی خان ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی زیرِ سماعت آیا۔ وزیر مملکت و معاون خصوصی حذیفہ رحمان پیش ہوئے اور کہا کہ انہوں نے انتخابی مہم میں شرکت نہیں کی، صرف میوزیکل نائٹ میں شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ قانون کا پابند رہتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ کیس کی تمام دستاویزات حذیفہ رحمان کو فراہم کی جائیں تاکہ وہ باضابطہ جواب جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے دونوں کیسوں کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔