غزہ سے اسرائیلی فوج کا فوری انخلاء ضروری ہے،پاکستان

پاکستان نے اقوام متحدہ میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کے حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو فوری طور پر غزہ سے انخلاء کرنا چاہیے اور تمام عرب علاقوں سے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کو دوٹوک الفاظ میں بیان کیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور گھر تباہ ہو رہے ہیں، لوگ خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ قرارداد 2803 پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی فراہم کی جائے۔

انہوں نے غزہ کی فوری تعمیر و بحالی، الحاق اور جبری بے دخلی کی روک تھام، اور فلسطینی قیادت کی ملکیت میں امن عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، دو ریاستی حل، اور القدس شریف کو دارالحکومت رکھنے والی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے اسرائیلی فوج کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع، تباہ شدہ گھروں اور خوف کے ماحول کو فوری ختم کیا جائے اور فلسطینی عوام کو مکمل تحفظ اور وسیع پیمانے پر امداد فراہم کی جائے۔ پاکستان نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسرائیل کے احتساب پر بھی زور دیا اور کہا کہ امن، انصاف اور پائیدار حل کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں حقیقی استحکام ممکن نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔