راولپنڈی: لڑکی کو اغوا کرکے اس کے بال کاٹنے اور تشدد کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور مقدمہ درج کر دیا گیا۔
وائرل ویڈیو میں چند افراد کو لڑکی کے بال زبردستی کاٹتے دیکھا گیا، جس کے بعد وفاقی پولیس نے ابتدائی چھان بین کی اور معاملہ راولپنڈی پولیس کو منتقل کر دیا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کی ہدایت کی۔ تحقیق کے بعد واقعہ کرسچن کالونی، پانی والی ٹینکی کے قریب پیش آنے کا پتہ چلا۔ ڈی ایف سی اسد حسین کی مدعیت میں متعدد افراد کے خلاف دفعات 337(V)/34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ایمان کے مطابق ثنا نامی لڑکی اور ارمان نامی شخص اسے اس کے گھر سے لے کر مصریال روڈ، کرسچن کالونی میں واقع ایک فلیٹ میں لے گئے، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بال کاٹے گئے، جس کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔
بعد ازاں ملزمان نے اسے بحریہ ٹاؤن کے ایک اور فلیٹ میں لے جا کر اسلحے کے زور پر دھمکیاں دی اور مزید ویڈیو ریکارڈ کی۔ ایمان نے بتایا کہ اس واقعے میں ارمان کے ساتھ درانی، مٹھو اور ایک نامعلوم شخص بھی شامل تھے۔
مقدمے میں ملزمان میں نظار خان عرف ارمان، محمد انیس عرف دورانی، جلیل خان عرف مٹھو، جبار خان اور دیگر نامعلوم افراد شامل ہیں، جنہوں نے لڑکی کے بال کاٹ کر ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل کی۔
سب انسپکٹر ذوالفقار حیدر تفتیشی افسر مقرر ہوئے، اور چھاپوں کے دوران 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور جبر قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos