فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

کراچی چڑیا گھر میں شیرنی نے 3 بچوں کو جنم دیدیا

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے زیرِ انتظام کراچی چڑیا گھر میں 16 نومبر 2025 کو شیرنی نے 3 صحت مند بچوں کو جنم دیا۔

پیدائش کے فوراً بعد کراچی چڑیا گھر کے ان ہاؤس ویٹرنری ڈاکٹرز نے شیر کے بچوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تینوں شیر کے بچے مکمل طور پر صحت مند، توانا اور بھرپور سرگرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جبکہ مادہ شیرنی بھی مکمل طور پر صحت مند ہے اور اُس کی خصوصی دیکھ بھال جاری ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کراچی کے لیے اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نومولود بچوں کے لیے خصوصی دیکھ بھال، اضافی نگرانی اور خصوصی نگہداشت کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، تاکہ ان نایاب اور قیمتی بچوں کی ابتدائی پرورش بہترین ماحول میں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کراچی چڑیا گھر میں جنگلی حیات کے بہتر انتظامات اور جانوروں کی فلاح کے لیے کیے گئے موثر اقدامات کا ثبوت ہے۔

کے ایم سی کی انتظامیہ نے کہا کہ شیر کے ان تین بچوں کی پیدائش نہ صرف کراچی چڑیا گھر کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چڑیا گھر میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر کے بچوں کو فی الحال عوامی نمائش کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کے دباؤ یا خلل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ویٹرنری ٹیم کی اجازت کے بعد انہیں بتدریج عوام کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔