پنجاب لیپ ٹاپ سکیم۔ فائل فوٹو

پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات کوبھی لیپ ٹاپ دینے کافیصلہ

پنجاب میں نجی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباوطالبات کوبھی لیپ ٹاپ ملیں گے،اس مقصد کے لیے کوٹہ رکھاجائے گا۔ سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کی کلاسزبھی شروع ہوں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت مسلسل تیسرے روزبھی صوبے میں شفافیت کے لئے پنجاب کے ہر ادارے کی پرفارمنس کا احتساب کیا گیا۔ اجلاس میں ہرمنسٹری، محکمہ اورتمام سیکرٹریز سے مکمل جواب طلبی کی گئی۔اس موقع پرنئے منصوبوں سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں لگاتار6 گھنٹے ایجوکیشن، ماحولیات،جنگلات،وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر کے ہر شعبے سے متعلق امورکی جانچ پڑتال ہوئی اورتفصیلی بریفنگ لی گئی۔

مریم نواز شریف نے پنجابی زبان کو تعلیم،ثقافت اور عوامی زندگی میں مرکزی مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کا حکم دے دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محنت کشوں کے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کے لئے جھنگ اور کمالیہ میں 20ہزار ورکرز کے لیے 3مرلے کے پلاٹ دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ محنت کشوں کو گھراسکیم کے تحت خصوصی قرضے دئیے جائیں گے۔ وزیراعلی ٰ نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔

مریم نواز نے ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قدرتی وسائل کی حفاظت کے لئے پنجاب میں جنگلات میں آگ لگنے سے 20منٹ پہلے مطلع کرنے والا جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ جنگلات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سپیشل سینسنگ سسٹم کے ذریعے غیر قانونی درخت کاٹنے کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لئے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کابھی حکم دیا۔انہوں نے پنجاب میں سیاحت کو نئے عروج تک لے جانے کے لئے ہر ٹورسٹ سائٹ کے لیے مکمل پیکج پلان کی ہدایت کی ہے۔ صحت مند سرگرمیوں کے لئے پنجاب بھر میں سکول گرائونڈز شام کو عوام کے لئے کھولنے کے لئے اقدامات کا حکم دیا ۔

وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ یونیورسٹیز اور کالجز کے لئے لیپ ٹاپ کوٹہ مقرر کرنے کے لئے تجاویز طلب کر لیں اور کالج مینجمنٹ کونسل کا ڈرافٹ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے نوجوان نسل کی رہنمائی اور مثبت کردار کی پرورش کے لئے سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کلاسز شروع کرانے کا حکم دیا ہے۔

تعلیم کو ہر راستے تک پہنچانے کے لیے لاہور میں ایجوکیشن آن ویل کے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولرتعیناتی کے طریقہ کار کی اصولی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کے گرلز کالجز کو 44بسیں جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔