صدرزرداری کی ایرانی رہنماسے ملاقات۔ فوٹو پی آی ڈی

جرمانوں کا خدشہ، پاکستان کا ایران سے گیس منصوبے کے قابل عمل حل کا مطالبہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں باہمی طورپر قابل عمل حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔اس موقع پر صدر زرداری نے گیس منصوبے پر اسلام آباد میں حالیہ تکنیکی بات چیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان تہران میں مذاکرات کے تسلسل کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان ریل رابطے کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط کیا جانا چاہیے۔ بہتر کنیکٹیویٹی کاروباروں اور مسافروں خصوصاً زائرین کے لیے آسان بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایران،پاکستان گیس پائپ لائن معاملے کا باہمی طور پر قابل عمل حل نکالنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی نے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کی نیک خواہشات اور سلام پہنچایا۔ لاریجانی نے رواں سال کی 12 روزہ جنگ میں پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے حالیہ واقعات میں پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور کامیابی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی فتح ہماری فتح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی رسائی دینے کے لیے متعدد ہدایات جاری کی گئی ہیں، اس سے10 ارب ڈالرکے تجارتی ہدف کے حصول کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

لاریجانی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔وزیراعظم نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا اور دونوں ممالک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایران سے مل کر کام کرنے کےعزم کا اعادہ کیا۔ علی لاریجانی نے اسرائیل اور امریکہ سے 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم پاکستان اور ایرانی رہنماکی ملاقات میں طے کیا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی قیادت میں ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص زراعت اور روابط ومواصلات میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ایرانی سرکاری خبررساں ادارے اِرنا کے مطابق جلد دونوں ملک فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینے والے ہیں۔بارڈر میکنزم بھی طے ہونے کے حتمی مرحلے میں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔