ثنا یوسف کیس میں اہم پیشرفت،مزید تین گواہوں کے بیانات قلمبند

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی جس میں مزید 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے۔

پراسیکیوشن کے گواہان میں ملزم عمر حیات کو گاڑی فراہم کرنے والے شوروم مالک، ڈرائیور اور ایک پولیس اہلکار شامل تھے۔ وکلائے صفائی کی جانب سے گواہان پر جرح نہیں کی جا سکی۔

کیس میں اب تک مجموعی طور پر 13 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

یاد رہے کہ 2 جون کو 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے تفتیش کے بعد ملزم عمر حیات کو گرفتار کیا تھا۔

ثنا یوسف کے ٹک ٹاک پر تقریباً 8 لاکھ اور انسٹاگرام پر 5 لاکھ کے قریب فالوورز تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔