بین الاقوامی سائنسی ٹیم نے چانداورمریخ پر پودے اگانے کی کوششیں شروع کردیں۔چاند اور مریخ پر طویل مدتی انسانی قیام کے لیے پودوں پر مبنی زرعی نظام تشکیل دینے کا جامع روڈ میپ تیارکیاگیاہے۔
اس روڈ میپ میں فصلوں کی سائنس میں ہونے والی جدید ترین پیش رفت جیسے سنتھیٹک بایولوجی، پریسیژن سینسنگ اور کنٹرولڈ انوائرنمنٹ ایگریکلچر کو نمایاں کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ تحقیق 2027 کے نااسا آرٹیمس تھری مشن سے قبل ترجیحات طے کرنے میں مدد دے گی، جس کے تحت انسان دوبارہ چاند کی سطح پر جائیں گے اور لونر ایفیکٹس آن ایگریکلچرل فلورا تجربہ کیا جائے گا جو پہلی بار چاند پر پودے اگا کر انہیں واپس لانے کی کوشش ہوگی۔
میلبورن یونیورسٹی کے مطابق اس منصوبے میں مختلف ممالک اور خلائی ایجنسیوں کے 40 سے زائد سائنس دان شامل ہیں، جنہوں نے طویل المدتی خلائی مہمات کے لیے خود کفیل، پودوں پر مبنی لائف سپورٹ سسٹم تیار کرنے کے لیے درکار سائنسی پیش رفت کی نشاندہی کی ہے۔ یہ تحقیق نیو فائیٹولوجسٹ جریدے میں شائع ہوئی ہے۔
عالمی ماہرین کے ساتھ مل کر اس بات کا جائزہ لیا گیاہے کہ پودوں کو کس طرح انجینئر، موافق اور مانیٹر کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ چاند اور مریخ کے ماحول میں بھی نشوونما پا سکیں۔
یہ بایو ری جنریٹو سسٹم تازہ غذا اگا سکتے ہیں، پانی اور ہوا کو دوبارہ قابلِ استعمال بنا سکتے ہیں اور خلا بازوں کی صحت اور فلاح و بہبود کا سہارا بن سکتے ہیں۔
مستقبل کی خلائی مہمات کی رہنمائی کے لیے محققین نے ایک نیا فریم ورک بھی تجویز کیا ہے۔ بایوری جنریٹو لائف سپورٹ سسٹم ریڈی نیس لیول ، جو یہ جانچنے میں مدد دے گا کہ کس حد تک پودے خلائی مکانات میں غذائی اجزا کی ری سائیکلنگ، پانی کی صفائی، آکسیجن کی پیداوار اور غذائیت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos