کوئٹہ: کوئٹہ میں گیس کے غیر قانونی کمپریسر کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ایس جی سی کے نمائندوں نے شرکت کی اور کمپریسر بیچنے، لگانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کمپریسر کے استعمال کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ گیس کے نظام میں غیر قانونی مداخلت اور حادثات کو روکا جا سکے۔
سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں گھریلو صارفین گیس کے کم دباؤ کی شکایات کر رہے ہیں۔ صارفین کی طرف سے غیر قانونی طور پر کمپریسر لگانے کے اقدامات دیگر گھروں کے حصے کی گیس کو اپنی طرف کھینچنے اور اسے اپنے گھر منتقل کرنے کے لیے کیے جاتے ہیں۔ یہ کمپریسر پائپ میں موجود گیس کو چولہے، گیزر یا ہیٹر تک پہنچاتے ہیں، جس سے گھروں میں گیس بھر جاتی ہے اور حادثات جیسے سوتے میں دم گھٹنا، آگ لگنا اور دھماکے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کمپریسر کے استعمال سے نہ صرف بل بڑھ جاتے ہیں بلکہ انسانی زندگی اور جائیداد کے لیے بھی خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ حکام نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کے نظام میں غیر قانونی مداخلت نہ کریں اور محفوظ طریقے سے گیس استعمال کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos