فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر بلاول بھٹو کا پیغام

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ یہ بات انہوں نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فلسطین کو درپیش مشکلات انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر گہرا زخم ہیں۔ فلسطین پر جاری قبضے کے دوران ہر معصوم جان کا ضیاع اور ہر گھر کا برباد ہونا دنیا کے لیے ایک کال ہے کہ وہ انصاف، ہمدردی اور اخلاقی جرات کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور فلسطینی عوام کے دیرینہ نامکمل خواب آزادی کے پورا ہونے تک ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ فلسطین سے یکجہتی صرف جذبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ یہ انصاف اور دیرپا امن میں تبدیل ہونی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔