اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ ججوں کی بنیادی ذمہ داری آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، اس لیے انہیں ہر قسم کے ذاتی یا بیرونی دباؤ سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے چاہییں۔
فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا وقار اسی وقت بلند رہ سکتا ہے جب فیصلے مکمل غیر جانبداری، دیانت اور قانون کی روشنی میں کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کو قانون کی حکمرانی کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے اور کسی بھی قسم کے مفاد یا دباؤ کو فیصلہ سازی پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ججوں کی تمام تر توانائیاں عوام کو بروقت اور منصفانہ انصاف فراہم کرنے پر مرکوز ہونی چاہئیں، کیونکہ عدلیہ کا اصل مقصد ہی سائلین کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ہے۔
جسٹس مندوخیل نے زور دیا کہ آئین ہی سپریم ہے اور ججوں کو ہمیشہ اسی کی بالادستی کو مقدم رکھ کر فیصلے کرنا چاہییں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos