ہری پور ضمنی الیکشن،خیبرپختونخوا حکومت کا مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا فیصلہ

 

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ہری پور میں حالیہ ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی شکایات پر انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہری پور ضمنی الیکشن کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے، جس میں کلاس فور سے لے کر ڈپٹی کمشنر تک شامل ہوں گے اور اگر کوئی ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری کے باوجود انہیں یقین ہے کہ ماتحت افسران ملوث نہیں ہیں، تاہم شفافیت کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ہری پور الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی ریفرنس بھیجا جائے گا اور پریزائیڈنگ افسران کے بیان حلفی قلم بند کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان کی اہلیہ کو شکست دی تھی، جبکہ تحریک انصاف نے الزام لگایا تھا کہ فارم 47 میں ان کے امیدوار کو دھاندلی کے ذریعے ہرا دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔