چاغی کے علاقے نوکنڈی میں فرنٹیئرکور کے ہیڈکوارٹرز کودہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا جسے سیکیورٹی فورسزکی بروقت کارروائی نے ناکام بنادیا۔
حملہ کرنے والوں کی تعداد چارتھی جن میں سے ایک نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر اپنے آپ کو اڑا دیا ، باقی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے۔
ایس ایس پی چاغی محمد شریف کے مطابق یہ حملہ اتوار کی شب ساڑھے 8 بجے کے قریب ایف سی کے کیمپ پر ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ نوکنڈی میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ ساڑھے 8 بجے کے قریب کیا گیا جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ اندازاً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک جاری رہا۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے کیمپ کے مرکزی گیٹ کی جانب ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔
ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پہلادھماکہ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے سات آٹھ کے قریب چھوٹے دھماکوں کی بھی آوازیں سنائیں دیں۔ فائرنگ کا سلسلہ ساڑھے دس بجے بند ہوا۔ حملہ آوروں کی تعداد زیادہ تھی جو کہ سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں مارے گئے ہیں۔
فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ کے ترجمان نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوںنے حملے کے جواب میں تیز اور مؤثر کارروائی کی۔
کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے دوران چاغی میں سکیورٹی فورسز کے کسی کیمپ پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔
ڈسٹرکٹ کونسل چاغی کے وائس چیئرمین اسفندیار خان محمدزئی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے حملے کو ناکام بنادیا۔
ایک الگ واقعے میں ضلع پنجگور کی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر بھی حملہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos