کراچی: گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والے 3 سالہ بچے ابراہیم کے واقعے کے بعد ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے پہنچنے پر شہری مشتعل ہوگئے اور انہیں گاڑی سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ فاروق ستار کو گاڑی میں ہی واپس روانہ ہونا پڑا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے واقعے پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیپا چورنگی پر کھلے مین ہولز اور ٹوٹی سڑکیں حکومت سندھ اور میئر کراچی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد بچے کھلے مین ہولز کا نشانہ بن چکے ہیں، مگر حکومت کی نظر میں سب کچھ ٹھیک ہے۔
واضح رہے کہ واقعہ اتوار کی رات تقریباً 11 بجے پیش آیا، جب 3 سالہ ابراہیم فیملی کے ہمراہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے نکل رہا تھا اور کھلے مین ہول میں جا گرا۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا، لیکن ابتدائی کوششیں ناکام رہیں اور آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
بعد ازاں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری منگوائی اور کھدائی کا عمل جاری رکھا، تاکہ بچے کو جلد از جلد بازیاب کیا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos