کراچی میں قبرستان پر قبضے کیلئے پی ٹی آئی پرچم کا استعمال

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان) عظیم پورہ قبرستان پر دوبارہ قبضے کی کوشش شروع کردی گئی۔قبضہ مافیا نے تحریک انصاف کے جھنڈے کا سہارا لیکر قبرستان جانے والی مٹی ڈال کر سڑک کو سیدھا کردیا۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے بنائی گئی دیوار پر بھی یوسی چیئرمین نے اعتراض اٹھا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں 34ہزار نئی قبروں کی گنجائش کے لیئے مختص کی گئی زمین پر ایک بار پھر قبضے کی تیاری کرلی گئی ہے ،اس سے قبل عظیم پورہ قبرستان پر قبضہ کرکے عظیم ویلا کے نام سے ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جارہی تھی جس کی نشاندہی ہونے پر کام روک دیا گیا تھا تاہم ایک بار پھر عظیم پورہ قبرستان جانے والے راستوں پر بلڈوزور چلا کر زمین سیدھی کردی گئی ہے ،اہم ذرائع نے بتایا کہ عظیم پورہ قبرستان جانے والے راستے کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھے ان راستوں پر کچرا کنڈی قائم کردی گئی تھی ،کئی سالوں بعد اچانک ہی زمین پر بلڈوزور چلا کر اس کو سیدھا کردیا ہے ،‘‘امت’’ کو شاہ فیصل ٹاؤن کی یوسی 2 کے ملازم نے نام نہ ظاہر کرنے بتایا کہ کچھ روز قبل یوسی 2 شاہ فیصل ٹاؤن سے رابطہ کیا گیا اور کہا گیا کہ عظیم پورہ قبرستان کے اطراف کی سڑکوں پر بلڈوزر چلایا جائے گا اور مٹی ڈال کر سڑک کو سیدھا کردیا جائے گا ،سڑک کے اطراف کچرا کنڈیاں ختم کرکے شجر کاری کی جائے گی ،قبضہ مافیا نے کہا کہ یہ سب کام ہم کروائیں گے لیکن بلڈوزر پر یوسی 2 کی انتظامیہ اپنا جھنڈا لگا ئے اور شہریوں کو بتائیں کہ یہ سڑک یوسی 2 بنارہی ہے ،ملازم نے بتایا کہ مذکورہ معاملہ چیئرمین یوسی 2 سیف الدین کے سامنے رکھا گیا تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تاہم کچھ روز بعد بلڈوزر پر تحریک انصاف کا جھنڈا لگا دیا گیا اور کہا گیا کہ چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن عوام کی آسانی کے لیئے سڑک پر مٹی ڈال کر بہتر بنارہے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ سڑک بہتر ہونے کے بعد کے ایم سی کی جانب سے عظیم پورہ قبرستان کی اضافی جگہ پر باؤنڈری بنائی گئی ،دیواریں تعمیر ہونے پر یوسی 2 شاہ فیصل ٹاؤن کے چیئرمین سیف الدین نے کے ایم سی میں درخواست جمع کرواکر اعتراض اٹھا دیا ہے ،یوسی 2 چیئرمین نے کہا ہے کہ ہمیں خدشہ ہے قبرستان کے لیئے جو دیوار بنائی گئی ہے اس سے قبرستان کا رقبہ چھوٹا ہوگیا ہے جبکہ یہ قبرستان پہلے سے زیادہ بڑا تھا۔’’امت‘‘ کو ڈائریکٹر قبرستان اقبال پرویز نے بتایا کہ یوسی چیئرمین کی جانب سے درخواست ضرور موصول ہوئی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ و دیگر کے سروے کے بعد ہی باؤنڈری بنائی گئی ہے اور اس دوران خود یوسی چیئرمین موجود تھے ،انہوں نے اعتراض اٹھا یا ہے ہم نے اسسٹنٹ کمشنر و دیگر کو آگاہ کردیا ہے ، جلد ہی یہاں سروے کرکے معاملے کو دیکھیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔