ڈی آئی خان،سیکورٹی فورسز کی کارروائی،22بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان ،خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اہم آپریشن کرتے ہوئے ’’فتنہ الخوارج‘‘ نامی بھارتی حمایت یافتہ گروہ کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 نومبر 2025 کو ہونے والی اس کارروائی میں فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا اور موثر حکمتِ عملی کے ساتھ ٹارگٹ کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد مجموعی طور پر 22 دہشتگرد مارے گئے، جو علاقے میں بدامنی پھیلانے میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل مکمل کیا گیا تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو گرفتار یا ختم کیا جاسکے۔

فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے ویژن کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں وضع کیے گئے اس ویژن کا مقصد دہشتگردی کے تمام نیٹ ورکس کو توڑ کر ملک کو مکمل طور پر محفوظ بنانا ہے۔

ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر طرح کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کے سدباب کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔