افغان شہریوں کی واپسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: محسن نقوی

لاہور، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو سیاست کے بجائے اپنے صوبے کے معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں افغان مہاجرین کے کئی کیمپ تاحال قائم ہیں، تاہم نوشہرہ اور خیبر میں موجود کیمپوں کو ڈی نوٹیفائی کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان کیمپ مستقل ختم کیے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد خودکش حملے میں افغان شہری ملوث تھا، اسی لیے ایس ایچ اوز کو افغان باشندوں کی تلاش اور چیکنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید بم دھماکوں کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا، افغان شہریوں کی واپسی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ملک بھر میں انخلا کا عمل جاری ہے اور روزانہ درجنوں افراد کو روکا جا رہا ہے، تاہم بعض صورتوں میں ایک مقام پر روکے گئے لوگ دوسری جانب سے نکل جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ غلط اور گمراہ کن خبروں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر 90 فیصد اطلاعات غلط ہوتی ہیں، اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی ضابطے میں لانا ہوگا، کیونکہ بغیر تصدیق کسی کی تضحیک یا بدنامی قابل قبول نہیں۔ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کیونکہ ایسے عناصر صحافی نہیں کہلا سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔