فیلڈمارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس نوٹیفکیشن کے اجرا پر وفاقی وزرا کیا کہہ رہے ہیں؟

وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اعلان کررہا ہوں عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں۔ 

حنیف عباسی نے نجی ٹی وی پر خصوصی انٹرویو میں کہا کہ جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل ہیں یہ بھی میں نے 2دن پہلے بتا دیا تھا۔ حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے نوٹیفکیشن ہو گیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کردیں، جو عزت اللہ نے فیلڈ مارشل کے ذریعے پاکستان کو دی وہ بے مثال ہے، اپنی حدود میں رہ کر بھارت کے طیارے گرائے جس کو دنیا مان رہی ہے۔

 

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیف آف دی ڈیفنس فورسز کے عہدے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جلد جاری ہوجائے گا میرے اور آپ کے لیے پریشانی کی بات نہیں ، لگتا ہے آج کل میڈیا کے پاس کوئی خبر ہی نہیں ۔ نجی ٹی وی پر انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری پراسس کا حصہ ہے، وزیراعظم ملک میں نہیں، وزیر اعظم آجائیں گے توسب کچھ ہوجانا چاہیے،ہوسکتا ہے فائل ورک ہوچکا ہو۔ وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ و زارت دفاع کو وزیراعظم ہائوس سے کوآرڈی نیشن کے بعد نوٹی فکیشن جاری کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کو پہلے ہی تحفظ حاصل ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت کو نومبر 2027 تک قانونی تحفظ حاصل ہے، نئی ترمیم کے بعد اکٹھی تعیناتی کا نوٹی فکیشن آئے گا۔

 

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، مناسب وقت پر جاری کر دیا جائے گا،نوٹیفکیشن پر مزید کسی طرح کی قیاس آرائیوں کی گنجائش نہیں۔

 

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت مسلح افواج میں چیف آف ڈیفنس فورسزکا عہدہ متعارف کرائے جانے کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس کا عہدہ ختم ہوگیا تھا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا اس عہدے سے سبک دوش ہوچکے ہیں، اب آئین کے تحت فیلڈمارشل عاصم منیر چیف آف ڈیفنس کا منصب سنبھالیں گے۔ اس حوالے سے ملک میں نوٹیفکیشن کے اجرا کا معاملہ زیر بحث ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔