لاہور،فیصل آباد اور ساہیوال میں پولیس مقابلوں میں 6 منشیات فروش ہلاک

 

لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس مقابلوں میں 6 منشیات فروش ہلاک ہو گئے۔

لاہور کے علاقوں گرین ٹاؤن، کاہنہ اور ماڈل ٹاؤن میں تین مبینہ منشیات فروش ہلاک ہوئے، جبکہ دو زیر حراست ملزمان بھی مقابلے میں مارے گئے۔ مارے گئے زیر حراست ملزمان میں محمد فرید اور محسن علی شامل ہیں۔ سی سی ڈی ٹیم نے محسن کو کاہنہ اور ماڈل ٹاؤن ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں زیر حراست ملزمان مارے گئے۔ ہلاک ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

رات گئے گرین ٹاؤن میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں زیر حراست ملزم آصف جاوید ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں زیر حراست ملزمان منشیات فروش تھے۔

گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی 5 آئس فروش مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ میں دو دو اور گجرات میں ایک منشیات ڈیلر ہلاک ہوا۔ گوجرانوالہ ریجن میں ایک دن میں 8 جبکہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 16 منشیات ڈیلرز اپنے انجام کو پہنچے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان طویل عرصے سے منشیات فروشی میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھے۔

ساہیوال میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش ظفر سپاری ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ظفر سپاری گزشتہ ایک دہائی سے عنایت الٰہی کالونی میں ہائی سکول کی دیوار کے ساتھ منشیات فروشی میں ملوث تھا اور اس کے خلاف آٹھ سے زائد مقدمات درج تھے۔ پولیس کے مطابق منشیات کی بھاری مقدار منتقل کرتے ہوئے ظفر سپاری اور اس کے ساتھی کا سی سی ڈی ٹیم سے آمنا سامنا ہوا، جس پر انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ظفر سپاری ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔