وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب کی منظوری

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے آئمہ کرام کے لیے "وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب” کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مقرر کیا گیا کہ یہ اعزازیہ یکم جنوری سے ادا کیا جائے گا اور پہلی مرتبہ پے آرڈرز جاری کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعزازیہ کارڈ کے اجراء کی ڈیڈ لائن فروری 2026ء تک ہوگی، اور یکم فروری سے اس کے ذریعے باقاعدہ ادائیگی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری رہے۔ اب تک پنجاب بھر سے 62994 رجسٹریشن فارم وصول ہو چکے ہیں جبکہ تصدیق کا عمل جاری ہے۔

اعزازیہ کارڈ کے لیے ہدایت کی گئی کہ ملک و قوم کے مفادات کے خلاف، یا اخلاقی و مالی جرائم میں ملوث آئمہ کرام کا اعزازیہ فوری طور پر بند کیا جائے گا۔ صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ کمیٹیاں اور تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کر کے اجلاس کریں اور حساس علاقوں میں مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھیں۔

اجلاس میں سیف سٹی کیمروں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے لیے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی دی گئی، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم بھی صادر کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔