لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا شارٹ نوٹس پر بلایا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی کر دیا گیا، اجلاس کے آغاز میں ہی اپوزیشن رکن نے کورم کی نشاندہی کی ۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 19 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے اجلاس شارٹ نوٹس پر بلائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی کہا کہ اجلاس اتنے شارٹ نوٹس پر بلایا گیا کہ بہت سے ممبرز دور دراز سے وقت پر پہنچ ہی نہیں سکے، کم از کم دو سے تین دن پہلے اطلاع دی جانی چاہیے تھی۔
اسی دوران اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے کورم کی نشاندہی کر دی، اسپیکر نے کورم پورا کرنے کے لیے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی، مگر گھنٹیاں بجتی رہیں، کورم پھر بھی پورا نہ ہو سکا۔ کورم پورا نہ ہونے پر اسپیکر نے اجلاس جمعرات صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos