اسلام آباد میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے سی سی ایم سیکرٹریٹ میں گلوبل فنڈ پاکستان کی اوور سائیٹ کمیٹی کے چیئر کے انتخاب ہوئے جن میں ڈاکٹر شہزاد علی خان بھاری اکثریت کے ساتھ آئندہ دو سال کے لیے منتخب ہو گئے۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں اوور سائیٹ کمیٹی نے نیا چیئر منتخب کیا، اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد ملک میں گلوبل فنڈ کی تمام گرانٹس کی شفاف، موثر اور ذمہ دارانہ نگرانی کرنا ہے تاکہ ایچ آئی وی، ٹی بی اور ملیریا کے خلاف قومی کوششوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اوور سائیٹ کمیٹی پروگرام کی کارکردگی، مالی نظم و نسق، خریداری کے عمل اور ممکنہ خطرات کی مسلسل نگرانی کرتی ہے، رکاوٹوں اور خلاف ورزیوں کی نشاندہی کر کے بروقت اصلاحی اقدامات کی سفارش کرتی ہے، اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ گلوبل فنڈ کے وسائل ضائع ہونے کے بجائے حقیقی صحت کے اثرات پیدا کریں۔ آزادانہ ڈیٹا جائزوں، عمل درآمد کرنے والے اداروں سے رابطے اور فالو اَپ کے ذریعے کمیٹی جوابدہی کو بہتر بنانے اور صحت کے نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پروفیسر شہزاد علی خان جیسے تجربہ کار اور معتبر پبلک ہیلتھ ماہر کی کامیابی سے توقع ہے کہ پاکستان میں ایچ آئی وی، ٹی بی اور ملیریا کے خلاف قومی ردِعمل کو نئی توانائی ملے گی اور گرانٹ مینجمنٹ کے نظام میں وہ بہتری آئے گی جس کی طویل عرصے سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos