پشاور: خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں ’’ولسن ڈیزیز سپورٹ گروپ‘‘ کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ادارہ جاتی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد اس پیچیدہ جینیاتی بیماری کی بروقت تشخیص، باہم مربوط علاج اور مریضوں کی طویل المدتی نگہداشت کو بہتر بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب خیبر میڈیکل کالج میں منعقد ہوئی جس میں ڈین کے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے چیف گیسٹ کی حیثیت سے شرکت کی اور گروپ کا افتتاح کرتے ہوئے اسے انسٹیٹیوشن کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال حیدر (ایسوسی ایٹ ڈین ریسرچ و کنسلٹنٹ فزیشن) اور ڈاکٹر سلیمان الٰہی ملک نے گروپ کے بنیادی ڈھانچے، مقاصد اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ولسن بیماری کے علاج کے لیے مختلف شعبہ جات کی مشترکہ مہارت انتہائی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے لیے اس گروپ میں درج ذیل پروگرام ڈائریکٹرز اور ماہرین شامل ہیں:
جنرل میڈیسن سےایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ خان، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ اُمم، گیسٹرواینٹرولوجی و ہیپاٹولوجی سےاسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمر خان، نیورولوجی کےاسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان خٹک،
آئی اسپیشلسٹ: ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد، کیمیکل پیتھالوجی: ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محسن شفی، سائیکاٹری سےایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران خان، نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس کے ذوالقرنین حیدر، پیڈیاٹرکس سے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء محمد، مختلف شعبوں کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور میڈیسن انٹرسٹ گروپ کے ایم سی بانی اسٹیئرنگ کمیٹی کا کردار ادا کریں گے جبکہ سینئر کنسلٹنٹس پرنسپل فیکلٹی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
ولسن ڈیزیز سپورٹ گروپ ہر سہ ماہی میں مریضوں کی خصوصی کلینکس منعقد کرے گا، خاندان کے افراد کی اسکریننگ، جینیاتی ٹیسٹنگ، ادویات کی فراہمی میں معاونت، آگاہی مہمات، اور ضرورت پڑنے پر لیور ٹرانسپلانٹ کے ریفرلز میں مدد فراہم کرے گا۔ صوبے میں پہلی بار وِلسن ڈیزیز کا ’’پیشنٹ رجسٹری سسٹم‘‘ بھی قائم کیا جا رہا ہے جو تحقیق اور ہیلتھ پالیسی سازی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
صوبے بھر کے تمام ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سے گزارش ہے کہ وِلسن بیماری کے مریضوں کو بہتر اور مربوط علاج کے لیے اس سپورٹ گروپ سے رجوع کروائیں۔
یہ تقریب ’’ورلڈ وِلسن ڈیزیز اویئرنیس ڈے‘‘ (6 دسمبر) کے موقع پر منظم کی گئی۔ خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال خیبر پختونخواہ کے عوام کو معیاری اور مؤثر علاج کی فراہمی کے لیے اپنے عزم پر مضبوطی سے کاربند ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos