لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فضائی معیار کی بہتری ابتدائی قدم ہے جبکہ ماحول دوست پنجاب حتمی منزل ہے۔ فضاٸی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے ابھی بہت کام باقی ہے اور عوام کو بھرپور تعاون دینا ہوگا۔
ان کے اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں فضاء 42 فیصد بہتر ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق نومبر کے 30 دنوں میں سے 23 دنوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی، رواں سال نومبر میں اے کیو آئی 261 رہا جبکہ گزشتہ سال 2024 میں نومبر میں فضائی آلودگی انتہا پر تھی۔
مریم نواز نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ڈیڑھ سال میں ماحولیاتی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے، جن میں قانون سازی، قوانین پر موثر عمل، جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کے استعمال شامل ہیں۔ شجرکاری اور جنگلات کے تحفظ کے اقدامات نے فضائی معیار میں بہتری لانے میں مدد دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جدید فارکاسٹنگ سسٹم، ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ اور سرویلنس، اور بھٹوں و انڈسٹریل یونٹس کی کیو آر کوڈڈ نگرانی فضائی معیار کے انتظام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سپرسیڈرز کی خدمات کی بدولت فصلوں کی باقیات میں اگ لگانے کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مریم نواز نے عوام کو یقین دلایا کہ فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے مزید اقدامات جاری رہیں گے اور کامیابی کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos