معرکہ حق میں تینوں فورسز نے مثالی رابطے کا مظاہرہ کیا،وزیر پیٹرولیم

 

 

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی تینوں فورسز نے مثالی ہم آہنگی اور رابطے کا مظاہرہ کیا، جو ملکی دفاع کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر کوئی بڑی بیٹھک پاکستان کی شمولیت کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج میں تنظیم سازی کا مقصد تینوں فورسز کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کرنا ہے، اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ امریکی صدر سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ متعدد بین الاقوامی وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کرنے اور ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔