کراچی اور بلوچستان میں 5اعشاریہ 2شدت کا زلزلہ

کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔شدت5اعشاریہ 2اور گہرائی 12 کلو میٹرتھی۔ اس کا مرکز کراچی سے87 کلو میٹر دور سومیانی میں ریکارڈہوا۔یہ جھٹکے رات 1بجے کے قریب محسوس ہوئے۔

کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے ، سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ ،بحریہ ٹاؤن ، قیوم آباد، کالا پل، شاہ فیصل کالونی ،لیاقت آباد،شاہ لطیف کالونی، بھینس کالونی، چوکنڈی اور اطراف میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلےکے بعد لیاری نیا آبادکی عمارت کے رہائشی خوفزدہ ہو کرگھروں سے باہر نکل آئے، پولیس،فائربرگیڈ،رضاکار،ایدھی ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کو زلزلے کے جھٹکوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ رہائشی عمارت بابا آرکیڈ سے بھی مکین خوف وہراس کے عالم میں باہر نکل آئے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیرحیدرلغاری کے مطابق کراچی میں موجود فالٹ لائنز کی تاریخ ہمیشہ سے کم گہرائی کے زلزلوں کی رہی ہے،تاہم گذشتہ دنوں لانڈھی میں ریکارڈ ہونے والے زلزلوں کے مقابلے میں اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر کچھ زیادہ رہی۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔