لاہور: پنجاب میں سبزی اور پھلوں کی خریداری کے نظام میں بڑی تبدیلی متعارف کرا دی گئی ہے، جہاں صوبے بھر کی سبزی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ مارکیٹ کمیٹی کے مطابق ماڈرن سبزی منڈیوں میں خریداروں اور آڑھتیوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نیا اسٹاف اور ویسٹ کولیکشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ صوبے بھر کی 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں صاف ستھرے اور مکمل فعال ٹائلٹس بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔
خریداروں کی رہنمائی کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں اور نرخوں کی شفافیت کے لیے ریٹ بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے میں 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کر دی گئی ہیں، جبکہ سبزی منڈیوں سے نکلنے والے گرین ویسٹ کو بائیو گیس اور پولٹری فیڈ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہر ماڈرن سبزی منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال اور مین ہولز پر ڈھکن نصب کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ سبزیوں اور پھلوں کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ٹریکنگ آن ویل سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے میں داخل ہونے والے ہر پھل اور سبزی کے ٹرک کو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی۔
مری کے عوام کو سستے داموں پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے خصوصی سپلائی چین سسٹم قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت ہول سیل نرخوں پر اشیائے خورونوش دستیاب ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے لیے جدید طریقہ کاشت اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے قیمتوں میں من مانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول میں کوتاہی برتنے والے مجسٹریٹس کے خلاف سخت اقدامات اور مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکرٹریوں کی بھرتی کی بھی اجازت دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور عوام کو ہر صورت سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود سبزی منڈیوں کے سرپرائز دورے کریں گی تاکہ عوام کو ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos