فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا میں مسجد کی بے حرمتی؛ دیوار پر توہین آمیز چاکنگ

برسبین :آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ میں ایک مسجد کی دیوار پر شر پسندوں نے نازی نشان اور نفرت انگیز نعرے لکھ دیئے جس سے مسلم برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ برسبین کے شمالی علاقے بالڈ ہلز میں پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد کی دیوار پر اسپرے پینٹ سے نازی نشان کے علاوہ توہین آمیز نعرے لکھے گئے، جن میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کھلی نفرت کا اظہار کیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کارروائی بدھ کی رات 8 بجے سے جمعرات 18 دسمبر کی صبح 3 بجے کے درمیان کسی نامعلوم شخص نے کی۔

یہ نفرت انگیز تحریریں مسجد کے نمازیوں نے جمعرات کی علی الصبح فجر کی نماز کے وقت دیکھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک نقاب پوش شخص کو مسجد کی دیوار پر اسپرے پینٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بعد ازاں مسجد کی دیوار کو بورڈ لگا کر ڈھانپ دیا گیا۔ مسجد کے ترجمان نے واقعے کو تشویشناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات دل آزاری کا باعث ہوتے ہیں۔

بالڈ ہلز مسجد کے امام عبدالصالح نے کہا کہ کمیونٹی اس واقعے پر شدید غمزدہ اور مضطرب ہے۔ نفرت، دھمکی اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی کی آسٹریلوی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔