واشنگٹن: امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک اور تیل بردار جہاز پر قبضے کی کوشش کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ گزشتہ دو دنوں میں دوسرا اور دو ہفتوں کے اندر تیسرا آپریشن ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ اس جہاز کا مسلسل تعاقب کر رہا ہے جو وینزویلا کے نام نہاد "ڈارک فلیٹ” کا حصہ ہے اور امریکی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ وہ وینزویلا پر عائد پابندیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو خفیہ طور پر تیل کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز بھی وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل بردار جہاز پر قبضہ کیا تھا۔ وینزویلا کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی رسمی ردِعمل سامنے نہیں آیا، البتہ قبل ازیں وہ امریکا پر اپنے تیل کے وسائل چرانے کی کوشش کا الزام عائد کرتا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی کارروائیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور خطے میں سیاسی و اقتصادی اثرات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos