ہاتھ نہیں ملانا تو کھیلنے کیوں آئے؟،جاوید میاندادکا بھارتی ٹیم پرطنز

کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے بھارتی انڈر 19 ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہاتھ نہیں ملانا تھا تو کھیلنے کیوں آئے؟

نیا ناظم آباد گراؤنڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ میں کارکردگی بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور فائنل میں ہمارے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ محنت کی۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ ان کے وزیراعظم نریندر مودی کی وجہ سے ہے اور بھارت کو چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ بھی کھیلے۔

جاوید میانداد نے سنیل گواسکر سمیت سابق بھارتی کرکٹرز سے درخواست کی کہ وہ نریندر مودی کو سمجھائیں تاکہ کھیل کا جذبہ برقرار رہے۔

سابق کپتان نے فائنل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ اور محنت ہی جیت دلاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں پر بھی وضاحت دی اور کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور صحت مند ہیں اور عوامی آگاہی کے لیے ویڈیو پیغام دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔