لیبیا کے مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد علی احمد الحداد کے طیارہ حادثے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ترکی کے حکام نے حادثے کے شکار فالکن 50 نجی طیارے کا بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد کر لیا ہے۔
ترک حکام کے مطابق طیارہ منگل کو انقرہ سے طرابلس واپس روانہ ہوا تھا، لیکن اڑان کے چند منٹ بعد بجلی کے نظام میں خرابی پیدا ہوئی اور ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کے کچھ دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے کا ملبہ بعد میں انقرہ کے قریب حیمانہ ضلع میں ملا۔
ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلی کایا نے بتایا کہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور وائس ریکارڈر برآمد کر لیے گئے ہیں اور جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بلیک باکس کا تجزیہ کسی غیر جانبدار ملک میں کیا جائے گا اور نتائج مکمل شفافیت کے ساتھ عالمی سطح پر پیش کیے جائیں گے۔
حادثے میں جنرل محمد الحداد سمیت چار قریبی معاونین جاں بحق ہو گئے، جبکہ طیارے میں کل آٹھ افراد سوار تھے جن میں عملے کے تین ارکان بھی شامل تھے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور سیکڑوں اہلکار، ریسکیو ٹیمیں اور ڈرونز نگرانی کر رہے ہیں۔ انقرہ کے پراسیکیوٹر آفس نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بلیک باکس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا حادثے کی اصل وجہ واضح کرے گا، تاہم اس عمل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے لیبیا کی قیادت سے رابطہ کر کے تعزیت بھی کی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos