شمال مشرقی نائیجیریا کے شہر مائیڈوگوری کی ایک مسجد میں دھماکے سے کم از کم سات افراد جان سے چلے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بم شہر کی گمبورو مارکیٹ میں واقع ایک بھری ہوئی مسجد کے اندر اس وقت پھٹا جب لوگ مغرب کی نماز کے لیے جمع تھے۔مسجد کی انتظامی کمیٹی کے عہدے دار مالم ابونا یوسف نے دھماکے میں اموات کی تعداد آٹھ بتائی، اگرچہ حکام نے تاحال جانی نقصان کا سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔ملیشیا رہنما باباکورا کولو نے کہا کہ سات افراد کی جان گئی ہے۔ان کے مطابق شبہ ہے کہ بم مسجد کے اندر رکھا گیا تھا جو نماز کے دوران پھٹا، بعض عینی شاہدین نے خودکش دھماکے کی بات کی۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے افراد زخمی ہوئے، تاہم عینی شاہدکے مطابق کئی متاثرین کو طبی امداد کے لیے لے جاتے دیکھاگیا۔
کسی بھی مسلح گروہ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مائیڈوگوری ریاست بورنو کا دارالحکومت ہے، جہاں برسوں سے جنگجو گروہوں بوکو حرام اور اس کی شاخ اسلامک سٹیٹ مغربی افریقہ پروونس کی بغاوت جاری ہے، تاہم خود شہر میں کئی برسوں سے کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا تھا۔مائیڈوگوری خود، جو کبھی رات بھر فائرنگ اور بم دھماکوں کا مرکز رہا، حالیہ برسوں میں نسبتاً پرامن ہے۔ یہاں آخری بڑا حملہ 2021 میں ریکارڈ کیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos