انڈونیشیا کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک کشتی حادثے میں اسپین کے معروف فٹبال کوچ اور ان کے تین کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ خراب موسم کے دوران کشتی الٹنے کے باعث پیش آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے فٹبال کلب ویلنشیا سی ایف کی ویمنز بی ٹیم کے کوچ فرنانڈو مارٹن اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سمندر میں سیر کے لیے کشتی میں موجود تھے کہ اچانک تیز ہواؤں اور دس فٹ بلند لہروں نے کشتی کو الٹ دیا۔
حادثے کے فوراً بعد فرنانڈو مارٹن اور ان کے تین بچے، جن کی عمریں 9، 10 اور 12 سال بتائی جاتی ہیں، لاپتہ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں ویلنشیا سی ایف نے تصدیق کی کہ کوچ اور ان کے تینوں بچے حادثے میں جانبر نہ ہو سکے۔ تاہم اس المناک واقعے میں کوچ کی اہلیہ اور سات سالہ بیٹی کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد فوری امدادی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران کشتی کے عملے کے چار ارکان اور ایک ٹور گائیڈ سمیت مجموعی طور پر سات افراد کو سمندر سے زندہ نکال لیا گیا۔ بچ جانے والوں میں فرنانڈو مارٹن کی اہلیہ اینڈریا اور ان کی کمسن بیٹی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں سمندری حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، جہاں اکثر واقعات خراب موسم اور حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث پیش آتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos